بھٹکل 4/مئی (ایس او نیوز) یہاں ساگر روڈ سے آگے سبتّی کراس پر منی بس اور ٹمپو کے درمیان ہوئی ٹکر میں 20 سے زائد لوگ زخمی ہوگئے جن میں خواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں۔ حادثہ آج سنیچر صبح قریب چھ بجے پیش آیا۔
پولس ذرائع نے بتایا کہ بنگلور سے تعلق رکھنے والے ٹمپو پر سوار سیاح سیگندور ہوکر مرڈیشور جارہے تھے جبکہ بلاری کے ایک ہی خاندان کے افراد ایڈگونجی مندر میں پوجاپاٹ اور مرڈیشور کی سیاحت کے بعد سیگندور جارہے تھے کہ ساگر روڈ پر سبتّی بس اسٹائنڈ کے قریب واقع ایک موڑ پر دونوں سواریاں تیزرفتاری کے ساتھ ٹکرا گئیں۔ پولس کے مطابق زیادہ تر مسافروں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر سرکاری 108 ایمبولنس کے ذریعے بھٹکل سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد سبھی زخمیوں کو کنداپور اور اُڈپی اسپتال لے جایا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ٹمپو اور منی بس ڈرائیور سمیت تین لوگوں کو شدید چوٹیں آئی ہیں جن میں سے ایک کو منی پال شفٹ کیا گیا ہے۔
حادثے کی خبر ملتے ہی 108ایمبولنس ، سرکاری اسپتال کی ایمبولنس، رابطہ ایمبولنس، ویلفیر اسپتال کی ایمبولنس سمیت قریب دس ایمبولنس کے ذریعے زخمیوں کو کنداپور اور اُڈپی لے جایا گیا۔ دونوں سواریوں پر کافی بچے بھی سفر کررہے تھے مگر دو بچوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں البتہ دیگر سبھی بچے محفوظ ہیں۔
بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔